ممبئی ،4؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں صبح سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے جس سے معمولات زندگی پر بری طرح اثر پڑا۔ اندھیری علاقے میں سڑک پار کرنے کے لئے بنا ایک پل گر گیا جس سے مغربی ریلوے کی مقامی ٹرین سروس بری طرح طرح متاثر ہوا ہے۔
خراب موسم کی وجہ سے کئی پروازوں کے راستے بدل کر ممبئی سے متصل ہوائی اڈوں میں بھیجا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں شدید بارش کی پیشن گوئی کی ہے ۔
شدید بارش سے ہند ماتا، سائن، پریل ٹی ٹی، نہرو نگر، کرلا، بھانڈوپ، وڈالا، دھاراوی، اندھیری اور ملنڈ کے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ بی ایم سی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں پانی نکالنے کے لئے پمپنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کلینا کے پاس اوپر لگی ریلنگ سے شہر کی ایک ڈبل ڈیکر بس ٹکرا گئی،تاہم اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ شدید بارش سے نالیاں بھر گئی ہیں جن سے ممبئی شہر میں پانی کی فراہمی کی جاتی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ وسطی ریلوے کی مقامی ٹرین سروس 10۔15 منٹ تاخیر سے چل رہی ہے۔ممبئی ہوائی اڈے کے ترجمان نے بتایا کہ کسی بھی پرواز کو منسوخ نہیں کیا گیا ہے، لیکن چار پروازوں کا راستہ بدل کر انہیں قریب کے ہوائی اڈوں پر بھیجا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ خراب موسم کی وجہ سے چھ طیاروں کو فضا میں مقررہ وقت سے زیادہ رکنا پڑا۔ طیارہ ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق ممبئی سے جانے والی تمام طیاروں کے پرواز میں اوسطا ایک گھنٹے کی تاخیر ہو رہی ہے، جبکہ دو تہائی طیارے تاخیر سے پہنچ رہے ہیں۔